تازہ ترین

کاروباری شخصیت کی وزیراعظم کو بانی پی ٹی آئی سے ہاتھ ملانے کی تجویز

کراچی: وزیراعظم شہباز شریف کو کاروباری شخصیت عارف حبیب...

وزیراعظم شہباز شریف کی مزار قائد پر حاضری

وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ...

ایران کے صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی دورہ پاکستان مکمل کرکے واپس روانہ

کراچی: ایران کے صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی دورہ پاکستان...

پاک ایران تجارتی معاہدے پر امریکا کا اہم بیان آگیا

واشنگٹن : نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا...

شاندار فتح: کراچی کنگز نے پی ایس ایل ٹرافی جیت لی

کراچی: پی ایس ایل کی سب سے مقبول ٹیم کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر پہلی بار پاکستان سپر لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا، بابر اعظم کو شاندار نصف سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، بابر اعظم پلیئر آف دی ٹورنامنٹ بھی قرار پائے۔

کراچی کنگز پی ایس ایل کا نیا چیمپئن بن گیا، فیصلہ کن معرکے میں لاہور قلندرز کو شکست دے کر ٹرافی تھام لی، کنگز نے لاہور قلندرز کی جانب دیا جانے والا 135 رنز کا ہدف 18.4 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان حاصل کرلیا۔

ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر بابر اعظم نے ایک بار پھر شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے فاتحانہ اننگز کھیلی، وہ  63 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگز میں 7 چوکے شامل تھے جبکہ چیڈویک والٹن 22 رنزکے ساتھ نمایاں رہے،کپتان عماد وسیم نے وننگ شارٹ کھیل کر ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرایا۔

اوپنر شرجیل خان 13 رنز بنا کر سمٹ پٹیل کی گیند پر فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، الیکس ہیلز 11 رنز بنا کر دلبر حسین کی گیند پر بولڈ ہوئے، افتخار احمد 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، رتھرفورڈ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

لاہور قلندر کی جانب سے دلبر حسین اور حارث رؤف نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، سمٹ پٹیل ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

قبل ازیں کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پی ایس ایل فائیو کے فائنل معرکے میں لاہور قلندرز نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے اور کراچی کنگز کو جیت کے لیے 135 رنز کا ہدف دیا تھا۔

لاہور قلندرز کی پہلی وکٹ 68 رنز پر گری، تمیم اقبال 35 رنز بنا کر عمید آصف کا نشانہ بنے، فخر زمان 27 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

محمد حفیظ 2 رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر بابر اعظم کو کیچ دے بیٹھے، بین ڈنک 11 رنز بنا کر چلتے بنے، سمٹ پٹیل کو 5 رنز پر ارشد اقبال نے آؤٹ کیا، سہیل اختر 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

محمد فیضان بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے،، ڈیوڈ ویزے 14 اور شاہین آفریدی 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

فاسٹ بولر ارشد اقبال، وقاص مقصود اور عمید آصف نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، کپتان عماد وسیم ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

اس سے قبل کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پی ایس ایل فائیو کے فائنل میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

کراچی کنگز کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ، وین پارنیل کی جگہ عمید آصف کو شامل کیا گیا  جبکہ لاہور قلندرز کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔

کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا کہنا تھا کہ ٹاس جیت کر ہم بھی بیٹنگ کرتے، دباؤ برداشت کرکے کھیلیں گے تو اچھا کھیل پیش کریں گے۔

لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر کا کہنا تھا کہ بڑا ٹارگٹ دینا چاہتے ہیں، جس طرح کھیلتے آرہے ہیں اسی طرح کی کارکردگی دکھائیں گے۔

کراچی کنگز اسکواڈ

کراچی کنگز کی ٹیم میں عماد وسیم کپتان، بابر اعظم، شرجیل خان، الیکس ہیلس، عمید آصف، چیڈویک والٹن، محمد عامر، وقاص مقصود، رتھرفورڈ، افتخار احمد اور ارشد اقبال شامل ہیں۔

لاہور قلندرز اسکواڈ

لاہور قلندرز کی ٹیم میں سہیل اختر کپتان، فخر زمان، تمیم اقبال، محمد حفیظ، بین ڈنک، سمٹ پٹیل، ڈیوڈ ویزے، محمد فیضان، شاہین آفریدی، حارث رؤف اور دلبر حسین شامل ہیں۔

Comments

- Advertisement -