کراچی کے علاقے کورنگی اللہ والا ٹاؤن سے مبیہ طور پر لاپتا بچے سفیان کو 16 دن بعد بھی تلاش نہ کیا جاسکا۔
کراچی کے علاقے کورنگی اللہ والا ٹاؤن کے رہائشی بچے سفیان کی والدہ مدد کے لیے اے آر وائی نیوز کے دفتر پہنچ گئیں اور بتایا کہ میں سلائی کا کام کرتی ہوں، سفیان 12 جنوری کے روز گھر کے قریب کپڑے دینے گیا تھا، رات 9 بجے گیا اس کے بعد سے اس کا کچھ پتا نہیں ہے۔
والدہ کا کہنا ہے کہ بیٹے کی آواز سننے کو ترس گئی ہوں، پولیس میرے بچے کو تلاش کرے، سفیان میرا واحد سہارا تھا، وہ جمعہ کے روز چھولے کا ٹھیلا لگاتا تھا۔
سفیان کی والدہ کے مطابق بیٹے کو لاپتا ہوئے 16 دن ہوگئے پولیس تعاون نہیں کررہی، پولیس کی جانب سے اب تک کوئی اقدامات نہیں کیے گئے۔
والدہ نے دہائی دی کہ میرا بچہ مجھے ڈھونڈ کر لادو، مجھ سے مزید صبر نہیں ہوتا، چھوٹے بھائی نے بھی اپیل کی کہ میرے بھائی کو تلاش کریں۔
واقعے کا مقدمہ کورنگی انڈسٹریل ایریا تھانے میں درج ہے۔
سلمان لودھی اے آر وائی نیوز کراچی کے کرائم رپورٹر ہیں۔


