کراچی : شہر قائد میں بچوں کو اغوا کر کے نشہ اورچوری کرانے والا بڑا نیٹ ورک بے نقاب کردیا گیا ، کارروائی میں بازیاب بچے کے ہولناک انکشافات سامنے آئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سعود آباد میں پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بچوں کو اغوا کر کے ان سے جرائم کروانے والے ایک خطرناک نیٹ ورک کا پردہ چاک کر دیا۔
پولیس نے اغوا ہونے والے 11 سالہ بچے ‘ایان’ کو بازیاب کراتے ہوئے ایک خاتون اور اس کے ساتھی کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزمان کی شناخت ساحل اور فاطمہ کے نام سے ہوئی ہے، جو معصوم بچوں کو اغوا کر کے انہیں نشے کی لت لگاتے اور پھر ان سے چوری کی وارداتیں کرواتے تھے۔
بازیاب ہونے والے بچے ایان نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کورنگی کا رہائشی ہے اور اپنی فیملی کے ہمراہ سفاری پارک گیا تھا۔
ایان کا کہنا تھا کہ وہ پارک کے قریب مسجد میں نماز پڑھ کر نکل رہا تھا کہ اسے اغوا کر کے نامعلوم مقام پر لے جایا گیا، ملزمان اسے تشدد کا نشانہ بناتے اور زبردستی نشے کی گولیاں کھلاتے تھے۔
اغوا کار بچے کو مختلف علاقوں میں لے جاتے اور اس سے موبائل فون چھیننے اور چوری کی وارداتیں کرواتے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے منشیات اور دیگر مسروقہ سامان برآمد ہوا جبکہ گینگ کے دیگر ارکان کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے ہیں تاکہ اس پورے نیٹ ورک کو جڑ سے ختم کیا جا سکے۔
حکام نے بتایا کہ بازیاب ہونے والے بچے کا طبی معائنہ کرانے کے بعد اسے قانونی کارروائی مکمل کر کے والدین کے حوالے کر دیا جائے گا۔
افضل خان اے آر وائی نیوز سے وابستہ کرائم رپورٹر ہیں


