کراچی کے علاقے منگھوپیر عزیز بروہی گوٹھ میں 6 سالہ بچے پر تشدد کرنے والے قاری کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
کراچی کے علاقے منگھوپیر عزیز بروہی گوٹھ میں قاری اللہ بچایو نے بچے حسن کے سر پر ڈنڈا مارا جس کے نتیجے میں اس کے سر کی ہڈی ٹوٹ گئی۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم قاری کو گرفتار کرکے بچے کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو عدالت میں پیش کرکے ریمانڈ حاصل کیا جائے گا اور اس سے تفتیش کی جائے گی۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ دو روز قبل پیش آیا تھا، بچے کو پڑھائی کے دوران تشدد کا نشانہ بنایا گیا، بچے کا بیان بھی قلمبند کیا جائے گا۔
اس سے قبل لیاری پولیس نے مدرسے میں کمسن بچے کو تشدد کا نشانہ بنانے والے قاری محمد واصف کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا تھا۔
ایس پی لیاری کے مطابق پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مدرسے سے قاری واصف کو گرفتار کیا جس نے تشدد کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا تھا کہ کمسن بچہ کئی دنوں سے سبق یاد نہیں کررہا تھا جس پر غصے میں آکر بچے کو مارا۔
ایس پی عارف عزیز نے مزید بتایا تھا کہ قاری کا کہنا تھا کہ آئندہ وہ بچوں پر تشدد نہیں کرے گا اور اس نے معافی بھی مانگی ہے۔


