کراچی: 4 روز قبل گھر سے 20 تولہ سونا چوری کرنے والی ملازمہ کو گرفتار کرلیا گیا ، ملزمہ نے چوری کے سونے کی رقم سے نیا گھر بھی خرید لیا تھا۔
کراچی کے علاقے رسالہ کی پولیس نے ایک کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ ٹارگٹڈ کارروائی کے دوران گھر سے 20 تولہ سونا چوری کرنے والی ملازمہ کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے مسروقہ سونا برآمد کر لیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمہ کی شناخت آصفہ کے نام سے ہوئی ہے، جو گزشتہ 6 ماہ سے متاثرہ گھر میں بطور ملازمہ کام کر رہی تھی۔
ملزمہ نے 12 جون کو گھر سے 20 تولہ سونا چوری کیا تھا، جس کا باقاعدہ مقدمہ تھانہ رسالہ میں درج کروایا گیا تھا۔
دورانِ تفتیش پولیس نے ملزمہ کے قبضے سے فی الحال 6 تولہ مسروقہ سونا برآمد کر لیا ہے، جبکہ باقی سونے کے حوالے سے سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے ہیں۔
ملزمہ نے پولیس کو بتایا کہ اس نے چوری کیے گئے سونے کا ایک بڑا سیٹ بلوچستان کے علاقے حب میں واقع ایک جیولر کو 21 لاکھ 50 ہزار روپے میں فروخت کیا تھا۔
بعد ازاں ملزمہ نے دوبارہ 2 لاکھ روپے مالیت کا سونا بھی حب ہی کی طرف ایک اور جیولر کو بیچا، اس چوری شدہ سونے کو بیچ کر حاصل ہونے والی خطیر رقم سے ملزمہ آصفہ نے کراچی کے علاقے مواچھ گوٹھ میں اپنے لیے ایک گھر بھی خرید لیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے چوری کا کچھ سونا ایک اور جیولر کے پاس امانتاً بھی رکھوایا ہوا ہے۔
رسالہ پولیس نے ملزمہ کے خلاف ضابطے کی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے اور حب کے ان جیولرز سمیت دیگر مسروقہ سونے کی سو فیصد برآمدگی کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں جہاں سونا فروخت یا امانت رکھا گیا تھا۔


