کراچی (10 اپریل 2026): چیئرمین میٹرک بورڈ نے پہلے دن کسی بھی وجہ سے امتحانی مرکز نہ پہنچنے والے طلبہ وطالبات کے لیے بڑا اعلان کر دیا۔
کراچی میں آج سے نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات کا آغاز ہو چکا ہے اور آج دسویں جماعت کا کمپیوٹر کا پرچہ لیا جا رہا ہے۔
امتحانات کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے چیئرمین میٹرک بورڈ نے ناظم آباد کے پائلٹ گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول میں قائم امتحانی مرکز کا دورہ کیا۔
اس موقع پر چیئرمین بورڈ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ڈائریکٹر اسکولز نے جو لسٹ دی، ہم نے ان کے مطابق ہی امتحانی مرکز بنائے ہیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ سرکاری اسکولوں کے اساتذہ نے بہانے بنائے، جس کی وجہ سے سرکاری اسکولوں میں امتحانی مراکز کم بنائے گئے ہیں جب کہ سرکاری اسکولوں میں فرنیچر کی بھی کمی ہے۔
چیئرمین بورڈ نے کہا کہ کسی بھی وجہ سے پہلے دن امتحانی مرکز نہ پہنچنے والے طلبہ قریبی امتحانی مرکز پر اپنا پرچہ دے سکتے ہیں۔ سینٹر سپرنٹنڈنٹ کو ہم نے امتحان کے حوالے سے خود ہدایت دی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج امتحانی مرکز میں انتظامات تسلی بخش ہے۔ 3 لاکھ 85 ہزار سے زائد طلبہ امتحان پُر امن طریقے سے دے رہے ہیں، جن کے لیے 521 امتحانی مراکز قائم اور 51 وجیلینس ٹیمیں بنائی ہیں۔
چیئرمین تعلیمی بورڈ نے یہ بھی بتایا کہ پرچوں کی امتحانی مراکز ترسیل کے دوران بورڈ کے مانیٹرنگ روم سے ہم مسلسل نگرانی کر رہے تھے۔
انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں


