کراچی: میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے سفاری پارک میں ہتھنی کی موت کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے سفاری پارک میں ہتھنی سونیا کی اچانک موت کا سن کر افسوس ہوا، ہتھنی کی موت کا ہر پہلو سے جائزہ لیا جائے گا، کسی قسم کی غفلت پائی گئی تو سخت کارروائی کی جائے گی۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ہتھنی کا مکمل پوسٹ مارٹم کرایا جائے گا، ہتھنی کی موت کی تمام وجوہات سے عوام اور میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔
سفاری پارک میں ’سونو‘ نامی ہتھنی مرگئی
واضح رہے کہ آج صبح کراچی کے سفاری پارک میں ہتھنی سونیا انتقال کرگئی، عملے کے مطابق ہتھنی سونیا کی موت رات کے وقت اچانک واقع ہوئی جب اتوار کی صبح عملہ سفاری پارک پہنچا تو ہتھنی کو مردہ پایا۔
انتظامیہ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ پوسٹ مارٹم کے بعد ہی ہتھنی کی وجہ موت کا تعین ہوسکے گا۔
یاد رہے کہ سفاری پارک میں 3 ہتھنیاں موجود تھیں، ہتھنی سونیا اور ملکہ پہلے سے سفاری پارک میں موجود تھے جبکہ چند روز قبل چڑیا گھر سے مدھوبالا کو سفاری پارک منتقل کیا گیا تھا۔