کراچی : پاکستان فارما سیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین حامد رضا نے کہا ہے کہ حکومت ادویات کی قیمتوں پر نظر ثانی کرے۔
تفصیلات کے مطابق ادویات کی قیمتوں کے تنازعہ پر پاکستان فارما سیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے حکومت کو ملٹی نیشنل فارما کمپنیوں کی جانب سے ادویات کی قیمتوں میں اضافے پر رابطے اور معاملات کو حل کرنے کی پیشکش کر دی۔
حالیہ قیمتوں کے تنازعہ کے باعث ستر سے اسی فیصد ادویات مارکیٹ سے غائب ہیں، پاکستان فارما سیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین حامد رضا نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عالمی ادارہ صحت کے فارمولے کے مطابق قیمتوں پر نظر ثانی کرے۔
انہوں نے کہا کہ قیمتوں کے تنازعہ پر مقامی ادویات ساز اداروں کی ادویات دستیاب نہیں ہوگی تو مریضوں کو مہنگی ادویات خریدنی پڑے گی ۔
انہوں نے بتایا کہ مرگی، تھائی رائڈز، دماغی امراض کی ادویات مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہیں ،حامد رضا کا کہنا تھا کہ 2001 کے بعد ادویات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پیدواری لاگت میں مسلسل اضافہ ہوتا چلاگیا اور اب یہ مقامی اداورں کے بس میں نہیں رہا کہ وہ ادویات کی پیدوار جاری رکھ سکیں ۔حامد رضا نے کہا کہ حکومت ہر دوائی کی قیمت طے کرے جس سے فارما انڈسٹری میں مزید ترقی اورسرمایہ کاری ہوگی.