کراچی : شہر قائد میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے، آج پارہ چالیس سے تینتالیس ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں شدید ترین ہیٹ ویو (گرمی کی لہر) کا الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ 8 جون سے 12 جون تک ملک کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے کہیں زیادہ ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا کہ کراچی میں آج سے گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ متوقع ہے، جہاں پارہ 40 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
شہریوں کو دوپہر کے وقت غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سندھ کے بالائی اضلاع شدید ترین گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ سکھر، جیکب آباد، لاڑکانہ، دادو اور گھوٹکی میں درجہ حرارت 48 سے 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک چھونے کا امکان ہے۔
دوسری جانب پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے متعدد علاقے بھی اس شدید ہیٹ ویو کا شکار ہوں گے، جہاں درجہ حرارت معمول کے اوسط درجہ حرارت سے 4 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اس شدید گرمی کے دوران ملک کے بعض حصوں میں شدید گرد آلود ہوائیں اور آندھی چلنے کا بھی امکان ہے، جس کے باعث موسم کی شدت اور حدِ نگاہ زید متاثر ہو سکتی ہے۔


