کراچی : اورنگی ٹاؤن میں دودھ کی دکانیں فلمی انداز میں لوٹ لی گئیں ، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔
تفصیلات کے مطبابق اورنگی ٹاؤن کے علاقے شاہ فیصل چوک سیکٹر 14 میں مسلح ملزمان نے فلمی انداز میں ڈکیتی کی واردات کرتے ہوئے دو دودھ کی دکانوں سے لاکھوں روپے لوٹ لیے۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آ گئی ، پولیس نے بتایا کہ 6 ملزمان مختلف موٹر سائیکلوں پر آئے، پہلے ایک، پھر دوسری اور اس کے بعد تیسری موٹر سائیکل موقع پر پہنچی، ہر موٹر سائیکل پر سوار پیچھے بیٹھا مسلح ملزم چھلانگ لگا کر اترا اور دکانوں میں داخل ہو گیا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک ملزم کیش کاؤنٹر کھول کر رقم نکالتا رہا جبکہ دیگر ملزمان دکانداروں کو قابو میں رکھ کر ان کی تلاشی لیتے رہے، ملزمان نے دودھ دہی کے لیے رکھی گئی تھیلی میں ساری رقم ڈال لی۔
ڈاکو دونوں دکانوں سے مجموعی طور پر 17 لاکھ روپے نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے۔ واردات انتہائی منظم اور پروفیشنل انداز میں کی گئی۔
پولیس نے متاثرہ دکانداروں کی جانب سے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


