ہفتہ, جولائی 18, 2026
اشتہار

کراچی : انمول پنکی کے بعد انتہائی مطلوب منشیات فروش شیریں عرف شرینہ گرفتار

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: ڈرگ کوئین انمول پنکی کے بعد انتہائی مطلوب منشیات فروش شیریں عرف شرینہ کو گرفتار کرلیا گیا ،ملزمہ کا پورا خاندان منشیات کے منظم نیٹ ورک میں ملوث ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس نے گلستانِ جوہر میں خفیہ اطلاع پر ایک بڑی اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے شہر کی انتہائی مطلوب اور بدنام زمانہ خاتون منشیات فروش شیریں عرف شرینہ کو اس کے دو بیٹوں سمیت گرفتار کر لیا، ملزمہ کا پورا خاندان منشیات کے منظم نیٹ ورک میں ملوث ہے۔

ایس ایس پی ایسٹ نے بتایا کہ گلستانِ جوہر پولیس نے ٹھوس معلومات پر کامران چورنگی کے قریب کارروائی کی، جہاں سے ملزمہ شیریں اور اس کے دونوں بیٹوں کو حراست میں لیا گیا، ملزمہ ہیروئن، چرس اور دیگر مہنگی منشیات کی ہول سیل اور ریٹیل سپلائی کا دھندہ کرتی ہے۔

تفتیش کے دوران ملزمہ کے طریقہ واردات اور ماضی کے حوالے سے انتہائی چونکا دینے والے انکشافات سامنے آئے ہیں۔

ملزمہ ماضی میں سہراب گوٹھ کے علاقے میں منشیات کا سب سے بڑا اڈہ چلاتی تھی، تاہم وہاں پولیس کے پے در پے کریک ڈاؤن اور چھاپوں کے بعد وہ بچنے کے لیے گلستانِ جوہر منتقل ہو گئی تھی۔

گلستانِ جوہر کے فلیٹ میں منتقل ہونے کے بعد ملزمہ نے نیا طریقہ اپنایا۔ وہ اپنے فلیٹ کی کھڑکی سے نشے کے عادی افراد کو ہیروئن سپلائی کرتی تھی، جبکہ خریدار فلیٹ کے باہر گلی میں ہی بیٹھ کر نشہ کرتے تھے۔

ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق گرفتار ملزمہ کوئی عام کرمنل نہیں بلکہ ایک عادی مجرم ہے، ملزمہ شیریں کے خلاف مختلف تھانوں میں 35 کے قریب مقدمات درج ہیں، جبکہ ماضی میں ایک کارروائی کے دوران اس کے قبضے سے ہینڈ گرینیڈ (دستی بم) بھی برآمد ہو چکا ہے۔

ملزمہ کا شوہر اور بیٹے بھی سابقہ ریکارڈ یافتہ ہیں جن پر متعدد مقدمات درج ہیں اور وہ کئی بار جیل جا چکے ہیں جبکہ ملزمہ خود بھی چند سال پہلے گرفتار ہو کر جیل گئی تھی اور دو سال قبل ہی سزا کاٹ کر رہا ہوئی تھی، مگر باہر آتے ہی دوبارہ دھندہ شروع کر دیا۔

پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا ہے اور مزید سنسنی خیز انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔

اہم ترین

نذیر شاہ
نذیر شاہ
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز سے وابستہ نمائندہ خصوصی ہیں، وہ 16 سال سے زائد عرصے سے اپنے شعبے میں مصروف عمل ہیں اور انویسٹیگیٹو نیوز بریکنگ میں مہارت رکھتے ہیں، اور کراچی کے جرائم اور پولیس نظام سے متعلق گہری سمجھ بوجھ کے حامل ہیں۔

مزید خبریں