کراچی : سنگر چورنگی کے قریب سڑک عبور کرتی ماں بیٹی کو تیز رفتار ٹینکر نے کچل دیا، جس کے نتیجے میں ماں موقع پر جاں بحق جبکہ بیٹی شدید زخمی ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں آج صبح سویرے ایک گھنٹے کے دوران مختلف مقامات پر پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔
کورنگی میں سنگر چورنگی کے قریب تیز رفتار واٹر ٹینکر نے سڑک عبور کرتی ہوئی ماں بیٹی کو کچل دیا، حادثے کے نتیجے میں ماں موقع پر جاں بحق ہو گئی جبکہ بیٹی شدید زخمی ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پھیل گیا اور مشتعل افراد نے حادثے کے ذمہ دار واٹر ٹینکر کو آگ لگا دی۔
دوسرے واقعے مین شارع فیصل پر عوامی مرکز کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق اور دو افراد زخمی ہو گئے۔
اسی طرح بلدیہ نمبر 4 میں سڑک عبور کرتے ہوئے 75 سالہ بزرگ شہری نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر جان کی بازی ہار گئے۔
گذشتہ روز منگھوپیر میانوالی کالونی میں ٹینکر کی ٹکر سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے تھے، حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ سامنے آگئی ہے، پولیس کے مطابق حادثہ آئل ٹینکر کے بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ سڑک کنارے ایک آئل ٹینکر پہلے سے خراب کھڑا تھا کہ پیچھے سے آنے والے دوسرے تیز رفتار آئل ٹینکر نے اسے زوردار ٹکر ماری اور ساتھ ہی ایک ڈمپر کو بھی اپنی زد میں لے لیا۔
حادثے کے نتیجے میں دو افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جن کی شناخت لال مان اور اسد اللہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔
دونوں آئل ٹینکرز کے ڈرائیورز موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کی تلاش جاری ہے۔
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی اور کرائم رپورٹر ہیں، وہ 14 سال سے زائد عرصے سے اپنے شعبے میں مصروف عمل ہیں اور انویسٹیگیٹو نیوز بریکنگ میں مہارت رکھتے ہیں، اور کراچی کے جرائم اور پولیس نظام سے متعلق گہری سمجھ بوجھ کے حامل ہیں۔


