کراچی(3 نومبر 2025): کراچی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں اسپتال کے بل کی ادائیگی کیلئے سنگدل ماں نے نومولود ہی اسپتال کو فروخت کردیا، جس کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
کراچی کے علاقے ملیر کے میمن گوٹھ پولیس نے بچے کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ہے، نے بچے کے والد نے پولیس کو بتایا کہ میری اہلیہ کو اسپتال پہنچایا گیا تو لیڈی ڈاکٹر نے بل کی رقم مانگی، پیسے نہ ہونے پر ڈاکٹر نے مشورہ دیا پیسوں کے عوض ایک خاتون بچہ لے گی۔
بچے کے والد کا کہنا تھا کہ میری بیوی کی رضا مندی سے بچہ شمع نامی خاتون کو دیا گیا، خاتون بچے کو لاہور لے گئی تھی، پولیس نے بچہ واپس لاکردیا۔ بچے کے والد سارنگ کی مدعیت میں درج کیے گئے مقدمے میں بتایا گیا کہ وہ جامشورو کا رہنے والا ہے اور اہلیہ چند ماہ قبل ناراض ہوکر والدین کے گھر چلی گئی تھی۔
ایس ایس پی ملیر کا کہنا ہے کہ پولیس نے میمن گوٹھ کے نجی اسپتال کو سیل کردیا ہے، کچھ لوگوں کو تحویل میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے، جبکہ ملزمہ شمع بلوچ کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔


