کراچی: شہر قائد میں کرولا گینگ کے بعد موٹر سائیکل لفٹر گروہ بھی خوف کی علامت بن گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کا ضلع ایسٹ کے مختلف علاقوں میں چار رکنی موٹر سائیکل لفٹر گروہ نے خوف وہراس پھیلارکھا ہے، موٹر سائیکل گروہ بلا خوف وخطر دن دیہاڑے وارداتیں کرتے ہیں۔
اس گروہ کے پسندیدہ علاقے گلستان جوہر اور گلشن اقبال ہیں، ان علاقوں کے لئے یہ موٹرسائیکل لفٹر گروہ خوف کی علامت بن گیا ہے، اے آر وائی نیوز نے واقعات کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چار ملزمان تین موٹر سائیکلوں پر آتے ہیں اور چار موٹر سائیکلوں پر واپس جاتے ہیں، لفٹر گروہ نے گلشن اقبال بلاک چھ میں شہری سے موٹر سائیکل چھینی۔
چار روز قبل بھی گلستان جوہر میں اسی قسم کی واردات ہوئی تھی، واردات کا طریقہ کار اور تعداد بھی موجودہ واردات سےمماثلت رکھتی ہے، پولیس نے ملزمان کے خلاف تفتیش شروع کردی ہے۔
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی اور کرائم رپورٹر ہیں، وہ 14 سال سے زائد عرصے سے اپنے شعبے میں مصروف عمل ہیں اور انویسٹیگیٹو نیوز بریکنگ میں مہارت رکھتے ہیں، اور کراچی کے جرائم اور پولیس نظام سے متعلق گہری سمجھ بوجھ کے حامل ہیں۔


