کراچی میں موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں غیرمعمولی اضافہ ہوگیا جس کی ویڈیوز بھی سامنے آگئی ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے ایف بی ایریا بلاک 15 اور سخی حسن کے قریب موٹر سائیکل لفٹنگ کی 2 وارداتیں ہوئی ہیں۔
موٹر سائیکل چوری کی دونوں وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز منظرعام پر آگئی ہیں۔ متاثرہ شہری نے الزام عائد کیا کہ جب مقدمہ درج کروانے تھانے گئے تو پولیس نے کچا پرچہ دے کر ٹرخا دیا۔
شہری نے مطالبہ کیا ہے کہ چوری کی گئی موٹرسائیکلیں برآمد کرکے ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔
واضح رہے کہ فوٹیجز میں موٹر سائیکل چوروں کے چہرے واضح ہونے کے باوجود پولیس انہیں پکڑنے میں ناکام ہے۔
یہ پڑھیں: مجھے زبردستی نشہ دے کر چوریاں کروائی جاتی تھیں، مغوی ایان کے ہولناک انکشاف
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ شہر قائد میں اغوا کاروں کے چنگل سے بازیاب ہونے والے بچے مغوی ایان نے اپنے بیان میں لرزہ خیز انکشافات کیے جسے سن کر لوگوں کے دل دہل گئے تھے۔
کراچی کے علاقے کورنگی کے 11سالہ بچے مغوی ایان نے بازیابی کے بعد پولیس کو بتایا تھا کہ اغوا کار اسے تشدد کا نشانہ بناتے، زبردستی نشہ کھلاتے اور پھر مختلف علاقوں میں لے جا کر موبائال فون چوری کی وارداتیں کرواتے تھے۔
بچے کا کہنا تھا کہ وہ کورنگی کا رہائشی ہے اور گھر والوں کے ساتھ سفاری پارک گیا ہوا تھا۔ نماز کے بعد مسجد سے باہر نکلتے ہی نامعلوم افراد نے منہ پررومال رکھ کر اسے اغوا کرلیا۔ بچے نے مزید بتایا تھا کہ نشے کی گولیاں کھا کر ہم سو جاتے تھے۔
مذکورہ بچے ایان کو سعود آباد پولیس نے کارروائی کے دوران بچوں کو اغوا کرنے والے منظم اور خطرناک گروہ کو حراست میں لیا تھا اس دوران 11 سالہ مغوی بچے ایان کو بحفاظت بازیاب کرایا گیا تھا۔
سلمان لودھی اے آر وائی نیوز کراچی کے کرائم رپورٹر ہیں۔


