کراچی (14 فروری 2026): شہرِ قائد کے علاقے لیاقت آباد نمبر 4 کے قریب تیز رفتار واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔
پولیس حکام کے مطابق حادثہ لیاقت آباد نمبر 4 کے قریب اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل سوار کو زوردار ٹکر ماری۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ موٹر سائیکل سوار موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
متوفی کی عمر لگ بھگ 30 سال بتائی جا رہی ہے، تاحال نوجوان کی شناخت نہیں ہو سکی ہے، پولیس ضابطے کی کارروائی کے ذریعے شناخت کی کوشش کر رہی ہے۔
ریسکیو اہلکاروں نے لاش کو ضروری قانونی کارروائی اور شناخت کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا ہے، واقعے کے فوری بعد ٹینکر ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، تاہم پولیس نے واٹر ٹینکر کو تحویل میں لے لیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ڈرائیور کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور واقعے کا مقدمہ درج کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


