کراچی : انسداد دہشت گردی عدالت نے ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر ساجد عرف بونا کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موؤمنٹ (لندن) کے مبینہ ٹارگٹ کلر ساجد عرف بونا کو کچھ دیر قبل انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا تھا، پولیس نے عدالت سے ملزم کو 4 روزہ ریمانڈ پر دینے کی درخواست کی تھی۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم پر 42 افراد کو قتل کرنے کا الزام ہے، جس کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم پولیس اہلکاروں، سیاسی کارکنوں اور سرکاری افسران کی ٹارگٹ کلنگ کا اعتراف کرچکا ہے، ملزم نے 1995 میں پولیس اہلکار نبی بخش کو قتل کیا تھا۔
تفتیشی افسر کے مطابق ملزم کی نشاندہی پر جمشید کوارٹر سے بارود اور اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالت نے پولیس کی درخواست منظور کرتے ہوئے 42 افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ایم کیو ایم لندن کے کارکن کو چار دن کےلیے ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
مزید پڑھیں : پولیس کی کارروائی، ایم کیو ایم لندن کا ٹارگٹ کلر گرفتار
خیال رہے کہ گزشتہ روز پولیس بہادر آباد میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے متعدد افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزم کو حراست میں لے لیا تھا، ساجد عرف بونا سرکاری ملازم ہے جو ہیلتھ ڈپارٹمنٹ میں ملازمت کرتا ہے۔
ایس ایس پی ایسٹ اظفر مہیسر نے بتایا تھا کہ ایم کیو ایم لندن سے منسلک ملزم سنی تحریک اور پیپلز پارٹی کے کارکنان کو قتل کیا ہے۔
ایس ایس پی ایسٹ نے میڈیا کو بتایا کہ ملزم کو ٹارگٹ کلنگ کےلیے سیکڑ آفس سے احکامات ملتے تھے، ملزم سے 2 پستول اور دستی بم بھی برآمد ہوا ہے۔