کراچی: ملیر باون شاہ مزار کےقریب سےگزشتہ روز ٹکڑوں میں ملنے والی لاش کا معمہ حل نہ ہوسکا تاہم واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر باون شاہ مزار کے قریب گزشتہ روز ٹکڑوں میں لاش ملنے کے واقعے کا مقدمہ ملیر سٹی تھانے میں سرکار کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ مقدمہ ایک سے زائد ملزمان کے خلاف قتل کی دفعہ 302 کے تحت درج کیا گیا ہے۔
مقدمے کے متن میں کہا گیا کہ مائی ستی مزار روڈ کے کنارے جھاڑیوں میں بوریوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔
پولیس کو اطلاع دی گئی تھی کہ جھاڑیوں میں تین بیگ یا بوریاں پڑی ہیں جن میں لاشیں موجود ہیں، اطلاع پر کرائم سین یونٹ نے موقع پر پہنچ کر بوریوں کو کھولا اور معائنہ کیا۔
مقدمے کے متن کے مطابق ایک بوری سے سر کٹی لاش ملی، جس کی ناک بھی کٹی ہوئی تھی، جبکہ دوسری بوری میں دھڑ موجود تھا جو کمر تک مکمل کٹا ہوا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لاش کے دونوں ہاتھوں کی 10 انگلیاں بھی کٹی ہوئی تھیں جبکہ تیسری بوری سے جسم کا نچلا حصہ، ٹانگیں اور پیٹ کے دیگر اعضا برآمد ہوئے۔
پولیس نے لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا ہے جبکہ واقعے کی قانونی کارروائی اور مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔
تاہم حکام کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری اور مقتول کی شناخت کے لیے بھی تحقیقات کی جارہی ہیں۔


