کراچی(9 اکتوبر 2026) کراچی کے علاقے شیر شاہ میرا ناکہ پر کمپنی ملازمین سے بینک لے جاتے ہوئے 58 لاکھ روپے سے زائد رقم کی ڈکیتی کا انوکھا معاملہ سامنے آیا ہے جہاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کروانے والے ’گھر کے بھیدی‘ کو گرفتار کر لیا ہے۔
کیماڑی انویسٹی گیشن پولیس نے تکنیکی بنیادوں پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے رقم کی نقل و حرکت کی مخبری کرنے والے کمپنی کے ملازم کو حراست میں لے لیا ہے۔ ایس ایس پی انوسٹی گیشن کیماڑی کے مطابق 28 ستمبر کو شیر شاہ میرا ناکہ کے قریب کمپنی کے ملازمین بینک کی طرف رقم لے جا رہے تھے کہ راستے میں مسلح ملزمان نے انہیں لوٹ لیا تھا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم قاسم اسی کمپنی میں ملازم ہے جس نے کیش نکلنے کی اطلاع اپنے ساتھی ڈکیتوں کو دی تھی۔ ملزم کی مخبری پر ہی اس کے ساتھیوں نے واردات کو انجام دیا۔
اس سے قبل 3 اکتوبر کو پولیس نے کارروائی کے دوران ایک زخمی ملزم اکبر کو بھی گرفتار کیا تھا جس کے قبضے سے 14 لاکھ روپے نقد برآمد کیے گئے تھے، جبکہ اب نئے ملزم قاسم کے قبضے سے بھی 4 لاکھ روپے کیش برآمد کر لیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم قاسم سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس کے دیگر مفرور ساتھیوں کو بھی جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے اور باقی رقم کی برآمدگی کو یقینی بنایا جا سکے۔


