کراچی (19 جون 2026): این سی سی آئی اے نے کراچی میں غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 11 ملزمان گرفتار کر لیے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق این سی سی آئی اے نے کراچی میں غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے دو کامیاب کارروائیوں میں مجموعی طور پر 11 ملزمان گرفتار کر لیے ہیں۔
ایک چھاپہ پی ای سی ایچ ایس بلاک 2 میں جعلی بینک کال سینٹر پر مارا گیا، جہاں سے متعدد افراد کو گرفتار اور وہاں سے لیپ ٹاپ، موبائل فونز اور فراڈ میں استعمال سافٹ ویئر ضبط کر لیا۔
ملزمان غیر ملکی بینک ملازمین بن کر شہریوں سے حساس معلومات حاصل کرتے تھے۔ اس سینٹرز سے سوشل سیکیورٹی نمبر، تاریخ پیدائش اور بینکنگ ڈیٹا غیر قانونی جمع کرنے کا انکشاف ہوا اور ہزاروں غیر ملکی شہریوں کا بینکنگ ریکارڈ اور شواہد برآمد کیے گئے۔
مذکورہ کال سینٹر کے خلاف ایف آئی درج کرنے کے ساتھ ضبط شدہ ڈیجیٹل آلات فرانزک اور تیکنیکی تجزیے کے لیے بھجوا دیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ ڈی ایچ اے فیز 8 ذوالفقار کمرشل میں بھی کامیاب چھاپہ مار کر مرکزی ملزم سمیت کئی ملزمان گرفتار کر لیے اور جعلی کال سینٹر سے غیر ملکی شہریوں کو نشانہ بنانے والے نیٹ ورک کا سراغ لگا لیا۔
ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق ملزمان اسپورفنگ کے ذریعےخود کو غیر ملکی بینکوں کے نمائندے ظاہر کرتے تھے۔
اس کارروائی کے دوران بھی اہم ڈیجیٹل شواہد اور حساس مالیاتی ڈیٹا برآمد کر کے واقعے کی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ گرفتار ملزمان سے تحقیقات میں اہم انکشافات ہونے کی توقع ہے۔


