کراچی (29 ستمبر 2025): ڈیری فارمرز کی جانب سے دودھ کی قیمتوں میں یکدم 50 روپے فی لیٹر اضافے پر کمشنر نے بڑا فیصلہ کر لیا۔
کراچی کے ڈیری فارمرز نے دودھ کی قیمت میں فوری طور پر 50 روپے فی لیٹر اضافے کا مطالبہ کرتے ہوئے یکم اکتوبر تک قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری نہ کرنے پر وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر احتجاج کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
ڈیری فارمرز کے اس مطالبہ پر کمشنر کراچی نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے دودھ کی قیمتوں کا جائزہ لینے اور نیا نوٹیفکیشن جاری کرنے کے لیے اجلاس طلب کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن نے کراچی پریس کلب میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ حالیہ سیلاب سے ڈیری سیکٹر کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
کراچی کی خبریں
دودھ کی پیداوار پر آنے والی لاگت میں تقریباً 30 فیصد اضافہ ہوا ہے اور فارمرز اس وقت روزانہ تقریباً 3 ارب روپے کا نقصان برداشت کر رہے ہیں۔ اس وجہ سے فارمرز کے لیے موجودہ نرخوں پر کاروبار جاری رکھنا ناممکن ہو رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر دودھ کی قیمت 270 روپے فی لیٹر نہ کی گئی تو فارمرز مویشیوں کو چارہ اور دیگر ضروریات پوری کرنے سے قاصر ہوں گے، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر مویشیوں کی بھوک اور ہلاکت کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔


