کراچی(21 فروری 2026): اورنگی ٹاؤن رحمت چوک پر انتظامیہ کی شدید غفلت کے باعث ایک معصوم بچہ گندے نالے میں جا گرا، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آنے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ خوش قسمتی سے ایک بڑا حادثہ ہونے سے بچ گیا اور بچے کو سلامت نکال لیا گیا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کھیل کود میں مصروف بچہ اچانک نالے کے ٹوٹے ہوئے حصے میں جا گرا۔ نالے میں گرنے کے بعد بچے نے ہمت نہ ہاری اور فوری طور پر شور مچایا۔
جس پر اس کے کم عمر ساتھی نے پھرتی دکھاتے ہوئے اسے نالے سے باہر نکالنے میں مدد کی۔ شور سن کر علاقے کے مکین بھی فوری طور پر موقع پر جمع ہو گئے اور بچے کی جان بچ جانے پر شکر ادا کیا۔
اے آر وائی نیوز کی ٹیم جب موقع پر پہنچی تو انکشاف ہوا کہ یہ ٹوٹا ہوا گندا نالہ پیپلز پارٹی کے مقامی یو سی چیئرمین کے دفتر کے بالکل سامنے موجود ہے۔
علاقہ مکینوں نے بتایا کہ رحمت چوک سے لے کر علی گڑھ تک نالے کی یہی ابتر صورتحال ہے اور ہر گلی کے کونے پر نالہ کھلا پڑا ہے جو کسی بھی بڑے جانی نقصان کا سبب بن سکتا ہے۔
علاقہ مکینوں نے شکایات کے انبار لگاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے وہ درخواستیں دے دے کر تھک چکے ہیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہو رہی۔ مکینوں کے مطابق جب یو سی چیئرمین سے رابطہ کیا جاتا ہے تو وہ یہ کہہ کر پلہ جھاڑ لیتے ہیں کہ درخواست آگے میئر کراچی کو بھیج دی ہے۔
ایک بزرگ شہری نے برسوں کی محرومی کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں اس علاقے میں 55 سال گزر چکے ہیں، لیکن کبھی حکومت نے یہاں نالہ تعمیر نہیں کیا۔
علاوہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت نالے بنائے تھے جو اب ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ میئر کراچی اور اعلیٰ حکام اس سنگین غفلت کا نوٹس لیں اور نالوں کی مرمت کو فوری طور پر یقینی بنائیں۔
Dollar and Other Currency Rates Today in Pakistan
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی اور کرائم رپورٹر ہیں، وہ 14 سال سے زائد عرصے سے اپنے شعبے میں مصروف عمل ہیں اور انویسٹیگیٹو نیوز بریکنگ میں مہارت رکھتے ہیں، اور کراچی کے جرائم اور پولیس نظام سے متعلق گہری سمجھ بوجھ کے حامل ہیں۔


