کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں ڈکیتی مزاحمت پر دکاندار کو قتل کردیا گیا جبکہ فائرنگ میں ایک ڈاکو بھی مارا گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق اقبال مارکیٹ تھانے کی حدود میں ایل پی جی دکان میں ڈکیتی کی واردات ہوئی دکاندار نے مزاحمت کی اور ڈاکوؤں سے اسلحہ چھین کر فائرنگ کردی۔
پولیس حکام کے مطابق دکاندار کی فائرنگ سے ایک ڈاکو رحیم زخمی اور ساتھی فرار ہوا بعدازاں زخمی ملزم دم توڑ گیا۔
تفتیشی پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزم قتل، ڈکیتی سمیت کئی مقدمات میں گرفتار ہوچکا ہے، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دکاندار نور عالم جاں بحق ہوا، جائے وقوعہ سے پستول، گولیوں کے تین خول ملے ہیں۔
یہ پڑھیں: کراچی : کار سوار کی فائرنگ سے 11 سالہ پاپڑ فروش بچے کی ہلاکت ، مقدمہ درج
والد کا کہنا ہے کہ نور عالم حافظ قرآن تھا، 11 ماہ قبل شادی ہوئی تھی، دکان پر پہلے بھی دو بار ڈکیتی ہوچکی تھی۔
ادھر لانڈھی شیرپاؤ کالونی میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کو سر میں تین گولیاں ماری گئیں، مقتول کی جیب سے 700 روپے ملے ہیں اور کوئی شناختی دستاویز نہیں ملی ۔
تفتیشی پولیس کا کہنا ہے کہ نادرا ریکارڈ کی مدد سے مقتول کی شناخت کررہے ہیں، واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا لگتا ہے جس کی تحقیقات جاری ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


