جمعہ, جولائی 10, 2026
اشتہار

ملازمین کے پنشن واجبات کی ادائیگی کا معاملہ سنگین ہوگیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی:25 ٹاونز  کے ملازمین کے پنشن واجبات کی ادائیگی کا معاملہ سنگین ہوگیا ، پنشن واجبات ادائیگی کیلئے 9 ارب 86 کروڑ روپے سے زائد رقم درکار ہے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ میں کراچی کے 25 ٹاؤنز کے ملازمین کے ریٹائرمنٹ واجبات کی ادائیگی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی،

جس کے دوران یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ ملازمین کی پنشن اور واجبات کی ادائیگی کا معاملہ انتہائی سنگین صورتحال اختیار کر چکا ہے۔

دورانِ سماعت کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن نے عدالت کو مطلع کیا کہ ریٹائرڈ ملازمین کے پنشن واجبات کی مکمل ادائیگی کے لیے 9 ارب 86 کروڑ روپے سے زائد کی خطیر رقم درکار ہے۔

کے ایم سی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اس نئی صورتحال اور فنڈز کی فراہمی کے حوالے سے صوبائی حکومت کے ساتھ خط و کتابت کا سلسلہ جاری ہے اور معاملے پر ڈائریکٹر ویلفیئر نے حکومتِ سندھ کو سمری بھی ارسال کر دی ہے۔

کے ایم سی کے وکیل نے استدعا کی کہ فنڈز کی اس نئی صورتحال کے بارے میں صوبائی حکومت سے تفصیلی رپورٹ طلب کی جائے۔

سماعت کے دوران کے ایم سی فنانس ڈیپارٹمنٹ نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی حکم کی روشنی میں ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز کے پنشنرز کو ماہانہ پنشن کی ادائیگی باقاعدگی سے جاری ہے، تاہم ماہانہ پنشن کے لیے مختص رقم سے ریٹائرمنٹ کے بقایا جات اور واجبات ادا کرنا ممکن نہیں ہے، اس کے لیے اضافی فنڈز کی ضرورت ہے۔

سندھ ہائیکورٹ نے معاملے کی سنگینی کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ فنانس حکومتِ سندھ سے ٹی ایم سیز کو فنڈز کی فراہمی اور ان کی تقسیم کے طریقہ کار سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

عدالت نے محکمہ فنانس اور حکومتِ سندھ کو سخت ہدایت جاری کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ 18 جون کو ہونے والی اگلی سماعت پر ہر صورت عملدرآمد رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں