کراچی : پی ای سی ایچ ایس بلاک ٹو میں ڈکیتی میں مزاحمت پر ڈاکوؤں نے شہری کو قتل کر دیا اور موبائل فون سمیت دیگر قیمتی سامان چھین کر باآسانی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے پوش علاقے پی ای سی ایچ ایس میں اسٹریٹ کرائم کی ہولناک واردات سامنے آئی ہے، جہاں ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے ایک شہری کو بیدردی سے قتل کردیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ یہ افسوسناک واقعہ پی ای سی ایچ ایس بلاک ٹو میں پیش آیا ، جہاں ڈاکوؤں نے ایک شہری کو لوٹنے کی کوشش کی اور مزاحمت کرنے پر ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ گولیاں لگنے کے نتیجے میں شہری موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
مقتول کی شناخت 45 سالہ نسیم عباسی کے نام سے ہوئی ہے، واقعے کے فوراً بعد مقتول کی لاش کو ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے تصدیق کی کہ مقتول کے جسم کے مختلف حصوں پر دو گولیاں لگی ہیں جو ان کی موت کا سبب بنیں۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان مقتول سے ان کا موبائل فون اور دیگر قیمتی سامان چھین کر باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور شواہد اکٹھے کیے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے جائے وقوعہ اور اس کے اطراف کے راستوں پر لگی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کی جا رہی ہیں تاکہ ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے


