اتوار, جون 14, 2026
اشتہار

کراچی: خفیہ اطلاع پر چھالیہ کی پکڑی گئی گاڑی نامعلوم افراد پولیس سے چھین کر فرار

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی(17 مئی 2026): ابراھیم حیدری میں نامعلوم افراد پولیس کی تحویل سے چھالیہ سے بھری گاڑی چھین کر فرار ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ابراھیم حیدری ریڑھی روڈ چائنا کٹ کے قریب پولیس اور مسلح افراد کے درمیان جھگڑے اور پولیس کی تحویل سے چھالیہ سے بھری گاڑی چھیننے کے واقعے پر بالا حکام کے احکامات پر ابراھیم حیدری تھانے میں 2 الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔

پہلا مقدمہ سب انسپکٹر عبدالقادر کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ مقدمے کے متن کے مطابق مخبر کی جانب سے اطلاع ملی تھی کہ ایک سلور رنگ کی گاڑی میں چھالیہ اسمگل کی جا رہی ہے۔ پولیس نے جب گاڑی کو روکا تو اس میں سوار ڈرائیور نے اپنا نام اسماعیل اور اس کے ساتھی نے عرفان بتایا، تلاشی کی کارروائی کے دوران اچانک 14 سے 15 نامعلوم افراد ڈبل کیبن گاڑی پر وہاں پہنچے۔

مدعی مقدمہ کے مطابق ان نامعلوم افراد میں سے کچھ نے کوسٹ گارڈ کی وردی پہن رکھی تھی۔ ان افراد نے پولیس پارٹی کے ساتھ ہاتھا پائی کی اور زبردستی چھالیہ سے بھری گاڑی چھین کر فرار ہو گئے۔ نامعلوم افراد کار کے ڈرائیور اسماعیل کو بھی اپنے ہمراہ لے گئے، تاہم پولیس نے موقع پر کارروائی کرتے ہوئے ڈرائیور کے ساتھی عرفان کو گرفتار کر لیا۔

دوسرا مقدمہ گرفتار ملزم عرفان کی نشاندہی پر گٹکا برآمد ہونے پر درج کیا گیا۔ متن کے مطابق ملزم عرفان کی نشاندہی پر پولیس پارٹی نئی آبادی کے اندرون گلی واٹر پمپ کے پاس پہنچی، جہاں ایک گھر کا دروازہ کھٹکھٹانے پر انس نامی شخص باہر نکلا۔ گھر کی تلاشی لینے پر وہاں سے تیار اور غیر تیار شدہ گٹکے کا بھاری مواد برآمد ہوا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں مقدمات درج کر کے واقعے کی تفتیش اور ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے تفتیشی عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

+ posts

نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز سے وابستہ نمائندہ خصوصی ہیں، وہ 16 سال سے زائد عرصے سے اپنے شعبے میں مصروف عمل ہیں اور انویسٹیگیٹو نیوز بریکنگ میں مہارت رکھتے ہیں، اور کراچی کے جرائم اور پولیس نظام سے متعلق گہری سمجھ بوجھ کے حامل ہیں۔

اہم ترین

نذیر شاہ
نذیر شاہ
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز سے وابستہ نمائندہ خصوصی ہیں، وہ 16 سال سے زائد عرصے سے اپنے شعبے میں مصروف عمل ہیں اور انویسٹیگیٹو نیوز بریکنگ میں مہارت رکھتے ہیں، اور کراچی کے جرائم اور پولیس نظام سے متعلق گہری سمجھ بوجھ کے حامل ہیں۔

مزید خبریں