ہفتہ, مارچ 7, 2026
اشتہار

گرلز کالجوں میں بڑی پابندی عائد

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : سندھ کے سرکاری گرلز کالجوں میں فوٹو گرافی پر پابندی عائد کردی گئی، اس اقدام کا مقصد سوشل میڈیا پر طالبات کی تصاویر کے غلط استعمال کو روکنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ کالج ایجوکیشن سندھ نے سرکاری گرلز کالجوں میں فوٹو گرافی پر پابندی عائد کر دی ہے۔

محکمہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں کالج پرنسپلز کو آگاہ کر دیا گیا ہے کہ اب کالجوں میں طالبات کی تصاویر لینے پر پابندی ہوگی، وہ اس ہدایت کو سختی سے نافذ کریں، اس اقدام کا مقصد سوشل میڈیا پر طالبات کی تصاویر کے غلط استعمال کو روکنا ہے۔

یہ فیصلہ کالجز کے خصوصی سیکرٹری کی جانب سے جاری مشاورتی نوٹس کے بعد کیا گیا، جس کے بعد کراچی میں کالج ایجوکیشن کے ریجنل ڈائریکٹر نے تمام کالجز کو سرکاری خطوط کے ذریعے مطلع کیا۔

ڈائریکٹر کالجز نے بتایا کہ متعدد شکایات موصول ہونے کے بعد محکمہ نے کالج کیمپس میں فوٹو گرافی پر مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ طالبات کی پرائیویسی اور حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔

خصوصی سیکرٹری نے اس معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے بتایا کہ بعض اساتذہ اور طالبات کی خفیہ فوٹو گرافی کر کے فیس بک، واٹس ایپ اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر شیئر کی گئی، اس کے جواب میں کالج پرنسپلز اور عملے کو پابندی کی تعمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔

کراچی کے کالج ایجوکیشن ریجنل ڈائریکٹر پروفیسر قاضی ارشاد نے واضح کیا کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے پرنسپلز اور عملے کے خلاف ضابطہ کار کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پنجاب حکومت نے بھی اسکولوں میں اساتذہ اور طلبہ کے موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد کی تھی اور اضلاع کے تعلیمی افسران کو ہدایت دی تھی کہ وہ پابندی پر سختی سے عمل درآمد کروائیں۔

+ posts

انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں

اہم ترین

انور خان
انور خان
انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں