The news is by your side.

Advertisement

آوارہ کتوں کو رنگ کرکے بیچنے والا گرفتار

کراچی: آوارہ کتوں کو رنگ کرکے انہیں غیر ملکی نسل ظاہر کرنے والے ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا۔

ایس پی گلبرگ بشیر بروہی کے مطابق نارتھ ناظم آباد میں شہری کی شکایت کے بعد جعل ساز صغیر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اُسے گرفتار کیا گیا، ملزم آوارہ کتوں کو انٹرنیٹ پر نایاب نسل کا ظاہر کرکے فروخت کرتا تھا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے دوران تفتیش اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ وہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ مل کر آوارہ کتے کے بچوں کو پکڑ تا اور اُن پر نایاب نسل کے کتوں جیسا رنگ کر کے انٹرنیٹ پر فروخت کرنے کے لیے تصاویر ڈال دیتا تھا۔

بشیر بروہی کا کہنا ہے کہ ملزم صغیر نے ریاض الدین نامی شخص کو آوارہ کتے نایاب بناکر فروخت کیے تو مدعی کو اس بات کا اندازہ ہوگیا اور اُس نے گھر جاتے ہی کتے کے بچوں کو نہلایا جس کے بعد اُن پر کیا جانے والا رنگ اتر گیا اور وہ عام کتے بن گئے۔

متاثرہ شخص نے ملزم کے خلاف گلبرگ تھانے میں رپورٹ درج کروائی جس کے بعد پولیس نے خریدار بن کر صغیر سے رابطہ کیا اور اُسے گرفتار کرلیا، کتے فروخت کرنے والے شخص نے رنگ کرنے کے بعد عام کتے کو 50 ہزار روپے میں فروخت کیا تھا۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کے قبضے سے چار آوارہ کتے بھی برآمد کر لیے جنہیں اُس نے انٹرنیٹ پر جرمن شیفرڈ ظاہر کیا ہوا تھا۔

Print Friendly, PDF & Email

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں