کراچی : پولیس نے بین الاقوامی منشیات نیٹ ورک کے 2 کارندوں کو گرفتار کرکے لاکھوں روپے مالیت کی کوکین برآمد کرلی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں گلشن اقبال پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے بین الاقوامی منشیات نیٹ ورک کے دو اہم کارندوں کو گرفتار کر لیا۔
ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ نے بتایا کہ پولیس نے گلشن چورنگی کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ملزمان فہد اور اسامہ کو گرفتار کیا، گرفتاری کے وقت ملزمان کی گاڑی کی تلاشی لینے پر پلاسٹک باکس میں چھپائی گئی لاکھوں روپے مالیت کی اعلیٰ کوالٹی کوکین برآمد ہوئی۔
پولیس نے منشیات کی سپلائی میں استعمال ہونے والی گاڑی کو بھی فوری طور پر اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔
ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ نے انکشاف کیا ہے کہ یہ ملزمان انتہائی منفرد اور جدید طریقے سے شہر کے مختلف علاقوں میں اعلیٰ کوالٹی کوکین سپلائی کرتے تھے:
نیٹ ورک کے کارندے مختلف مقامات سے کوکین وصول کرنے کے بعد اسے مخصوص مقامات پر رکھ کر گاہکوں کو ویڈیو بنا کر بھیجتے تھے تاکہ براہِ راست سامنا نہ ہو۔
منشیات کی خریدو فروخت سے حاصل ہونے والی رقم کی منتقلی کے لیے آن لائن پلیٹ فارمز کا استعمال کیا جاتا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف نارکوٹکس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق اس بین الاقوامی نیٹ ورک کے دیگر کارندوں اور مرکزی سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور تحقیقات جاری ہیں۔


