تازہ ترین

منشیات فروشوں کی سرپرستی کرنے والے کالی بھیڑوں کی فہرست تیار

کراچی: شہر قائد میں 363 منشیات کے اڈے چلانے والے 100 سے زائد افسران و اہلکاروں کی فہرست تیار ہوگئی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق اسپیشل برانچ پولیس نے منشیات فروشوں کی سرپرستی کرنے والے محکمے کی کالی بھیڑوں کی فہرست تیار کرلی ہے، جس کے مطابق کراچی میں 363 منشیات کے اڈے چلائے جارہے ہیں۔

رپورٹ  کے مطابق منشیات کے دھندے میں 100سے زائد افسران و  اہلکار ملوث ہیں، مذکورہ افسران اور اہلکار آنکھیں بند کرنے اور کارروائی نہ کرنے کے عوض بھاری رقم لیا کرتے تھے۔

اسپیشل برانچ کی رپورٹ کے مطابق ہیروئن، افیون، آئس سمیت دیگر خطرناک نشہ آور اشیا سب  پولیس کی سرپرستی میں فروخت کی جاتی ہیں،  منشیات فروشی کے عوض پولیس افسران اور اہلکاروں کو باقاعدگی سے بھتہ دیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق سٹی میں42، کورنگی میں15، ایسٹ میں20،  ملیر میں4، سینٹرل میں169 منشیات کے اڈوں سے بھتہ لیاجاتا ہے، اسی طرح  ضلع جنوبی میں28، ویسٹ میں منشیات کے87 اڈےچلوانے کیلئے بھتہ لیاجاتا۔

مزید پڑھیں: منشیات فروشوں سے آہنی ہاتھوں‌ سے نمٹنا ہوگا، آرمی چیف

اسپیشل برانچ کے افسران نے رپورٹ مرتب  آئی جی سندھ کو ارسال کردی ہے، جس میں ایس ایچ اوز، پولیس اہلکاروں سمیت ڈی ایس پیز کے نام بھی شامل ہیں، اس رپورٹ  میں100سےزائدافسران اور اہلکاروں کی نشاندہی کی گئی ہے۔

دوسری جانب ملیرمیں منشیات فروشوں کی سرپرستی کرنے والوں کےخلاف ایکشن لیتے ہوئے 2 اے ایس آئی، ہیڈ کانسٹیبل سمیت 8 پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق اسپیشل برانچ کی جاری کردہ لسٹ میں سب انسپکٹرز،انسپکٹرز،اور ڈی ایس پیز کے نام آنے پر زونل پولیس حکام سر جوڑ کر بیٹھ گئے ہیں کیونکہ اس رپورٹ کی وجہ سے وہ خود بڑی مشکل میں پھنس گئے ہیں۔

Comments

- Advertisement -