کراچی: سندھ پولیس نے سیف سٹی پروجیکٹ کے تحت 40,000 گاڑیوں کو بلیک لسٹ کردیا ، یکم جولائی سے ضبطگی کا عمل شروع ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے اور سیف سٹی انیشیٹو کو فعال کرنے کے لیے سندھ پولیس نے ایک بڑا قدم اٹھایا۔
پولیس حکام نے تصدیق کی ہے کہ شہر میں چلنے والی لگ بھگ 40 ہزار گاڑیوں کو بلیک لسٹ کر دیا گیا ہے اور ان کے خلاف قانون کا گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق فائنل کی گئی فہرست میں اوپن لیٹر پر چلنے والی گاڑیاں، ناقص ریکارڈ والی اور ٹیکس نادہندگان والی گاڑیاں شامل ہیں۔
وہ گاڑیاں جو فروخت تو ہو چکی ہیں لیکن نئے مالکان نے ابھی تک انہیں اپنے نام پر منتقل نہیں کروایا، وہ گاڑیاں جن کے مالکان کا ریکارڈ نامکمل یا مشکوک ہے اور وہ گاڑیاں جن کے ذمے سرکاری واجبات، ٹوکن ٹیکس یا چالان کی رقوم طویل عرصے سے واجب الادا ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ان بلیک لسٹڈ گاڑیوں کے خلاف باقاعدہ ایکشن کا آغاز یکم جولائی سے ہو گا، مہم کے دوران ایسی تمام گاڑیاں فوری طور پر تھانوں میں بند کر دی جائیں گی جبکہ گاڑیوں کی ضبطگی کے ساتھ ساتھ ان کے مالکان کو قانونی کارروائی اور بھاری جرمانوں کا سامنا بھی کرنا پڑے گا۔
اپنی گاڑی کا اسٹیٹس آن لائن کیسے چیک کریں؟
سندھ پولیس نے شہریوں کو کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لیے پیشگی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری فوری طور پر سندھ پولیس کے آن لائن پورٹل پر جا کر اپنی گاڑی کا ریکارڈ اور اسٹیٹس چیک کریں۔
اگر آپ کی گاڑی کا نام بلیک لسٹ میں شامل ہے، تو یکم جولائی کی ڈیڈ لائن سے پہلے پہلے اپنے کاغذات درست کروائیں اور گاڑی اپنے نام پر ٹرانسفر لازمی کروا لیں۔


