کراچی پولیس چیف نے موٹرسائیکلوں کے ٹائروں سے ہوا نکالنے کا نوٹس لے لیا

کراچی : ایڈشنل آئی جی کراچی نے موٹر سائیکلوں کی ہوا نکالنے کا نوٹس لے لیا، اہلکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ڈبل سواری کرنے والوں کے خلاف صرف قانونی کارروائی کی جائے۔
تفصیلات کے مطابق کرونا لاک ڈاؤن کے دوران موٹر سائیکل کی ڈبل سواری کی پابندی کی خلاف ورزی پر پولیس اہلکاروں کی جانب سے گاڑیوں کی ہوا نکالے جانے کے واقعات سامنے آئے تھے، جس کی وجہ سے محکمہ پولیس کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا۔
اس حوالے سے کراچی پولیس کے ایڈشنل آئی جی غلام نبی میمن نے موٹرسائیکلوں کے ٹائروں سے ہوا نکالنے کے واقعات کا سختی سے نوٹس لیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اہلکاروں کو ڈبل سواری کرنے والوں کےخلاف صرف قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت ہے موٹرسائیکلوں کے ٹائر سے ہوا ہرگز نہ نکالی جائے، صرف کارروائی کریں۔
کراچی پولیس چیف نے مزید کہا ہے کہ پولیس اہلکار کسی واقعے کی فوٹیج بنائیں تو احتیاط لازمی کریں، پولیس اہلکار ویڈیوز بناکر سوشل میڈیا پر شیئر نہ کریں، ویڈیو صرف قانونی ثبوت اور ریکارڈ کیلئے بنائی جائے۔