کراچی : تھانہ میمن گوٹھ میں ہونے والا پولیس مقابلہ مشکوک بن گیا ، تین ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کرنے والے پر سوال اٹھ گئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے میمن گوٹھ میں دو روز قبل ہونے والا پولیس مقابلہ مشکوک قرار دے دیا گیا، واقعے سے متعلق زخمی ملزم گلزار کے گھر پر ہونے والی دعوت کی ویڈیو اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی ہے، جس نے معاملے پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
ویڈیو میں ایس ایچ او میمن گوٹھ جاوید ابڑو اور ہیڈ محرر کو مبینہ طور پر ملزم گلزار کے والد امام دین کی دعوت میں شریک دیکھا جا سکتا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ یہ دعوت چار روز قبل منعقد کی گئی تھی، جس میں ملزم گلزار پولیس اہلکاروں کو کھانا پیش کرتے ہوئے نظر آ رہا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ زخمی ملزم پر 10 سے زائد مقدمات درج ہیں۔ تاہم، امام دین نے الزام لگایا ہے کہ پولیس نے اس کے بیٹے اور اس کے دوست کو تھانے بلایا اور دو روز تک حراست میں رکھا۔
والد نے الزام عائد کیا کہ میرے بیٹے سمیت 3نوجوانوں کوجھوٹے مقابلے میں زخمی کیا گیا ، ایس ایچ او اور ہیڈ محرر میری دعوت پر گھر آئے تھے میرے بیٹے کو دو روز تک تھانے میں رکھا گیا، ہم پوچھتے رہے تو کہا تفتیش کر رہے ہیں۔”
پولیس حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، تاہم مبینہ تعلقات اور مشکوک مقابلے کے باعث معاملہ مزید سنگین صورت اختیار کر گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


