کراچی میں تیموریہ تھانے کی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 29 لاکھ روپے کی ڈکیتی کا ڈرامہ بے نقاب کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کمپنی کے اپنے ملازمین نے ڈکیتی کا ڈرامہ رچایا، ماسٹر مائنڈ سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کا ماسٹر مائنڈ کمپنی کا دیرینہ اور بھروسہ مند ملازم تمیم اظہر ہے، ملزمان سے لوٹی گئی اصل رقم 21 لاکھ روپے برآمد کرلی گئی ہے، دیگر ملزمان میں عبدالمنان اور محمد وقاص شامل ہیں۔
تفتیشی حکام کے مطابق ملزمان نے کھلونا پستول سے اپنے ساتھی سے ڈکیتی کا ڈرامہ کیا تھا جبکہ کمپنی مالک نے 21 لاکھ کی جگہ 29 لاکھ روپے کی رپورٹ درج کرواکر غلط بیانی کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے باقاعدہ منصوبہ بندی کے بعد ریکی کے ذریعے ڈرامہ رچایا تھا، گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
یہ پڑھیں: اغوا کا ڈرامہ رچانے والا ملزم سرکاری افسر نکلا، تفتیش میں بڑے راز فاش
واضح رہے کہ پولیس نے گزشتہ روز اغوا کا ڈرامہ کرنے والے ملزم اشفاق کو اس کے دو سالہ بیٹے سمیت لاڑکانہ کے سول لائنز ایریا سے بازیاب کیا تھا۔
اس حوالے سے پولیس حکام نے بتایا تھا کہ اشفاق احمد نامی شخص 19 اپریل کو شارع فیصل سے اپنے دو سالہ بیٹے محمد اذان کے ہمراہ لاپتا ہوا تھا۔
اس دوران اس کی اہلیہ کو واٹس ایپ کے ذریعے 10 لاکھ روپے تاوان کا پیغام موصول ہوا، جس کے بعد پولیس نے ٹیکنیکل بنیادوں پر لاڑکانہ کے علاقے سول لائنز میں چھاپہ مارا۔
پولیس حکام کا کہنا تھاکہ مغوی اشفاق احمد نے خود کو اندرون سندھ کے شہر لاڑکانہ میں چھپا رکھا تھا، اے وی سی سی، سی پی ایل سی اور لاڑکانہ پولیس نے کامیاب مشترکہ کارروائی کی جس میں مغوی اشفاق احمد اور اس کا 2 سالہ بیٹا محمد اذان بازیاب کرلیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


