کراچی کے علاقے کورنگی میں انٹرنیشنل فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ کے اندر سابق پولیس افسر نے توڑ پھوڑ کی جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی میں معروف برگر چین میں مبینہ طور پر توڑ پھوڑ کرنے والے سابق ایس ایس پی میاں جمشید انعام اللہ کے خلاف سرکاری مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
برگر چین کے منیجر نے الزام عائد کیا کہ ملزم صبح پانچ بجے پہنچا تو ریسٹورنٹ بند ہوچکا تھا۔
منیجر کے مطابق ملزم نے زبردستی کھانے کا مطالبہ کیا اور انکار کرنے پر گارڈ کو مارا اور عملے کو بھی بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ سابق پولیس افسر پر ڈیفنس تھانے میں دوسرا مقدمہ درج کیا گیا ہے اس سے قبل بھی جمشید انعام کے خلاف اسی تھانے میں مقدمہ درج ہے۔
مقدمے کے متن کے مطابق پولیس افسر امجد علی کا بتانا ہے کہ وہ گشت پر جارہے تھے کہ فریقین لڑائی میں ڈنڈوں، پتھروں، لاتوں اور گھونسوں کا آزدانہ استعمال کررہے تھے۔
پولیس کے مطابق کسی بڑے نقصان کے پیش نظر فوری طور پرجھگڑا کرنے والے عناصر کو الگ کیا اور دونوں فریقین کے چند افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں مصور، آغا، احمد رحمان، جمشید انعام اللہ اور دیگر شامل ہیں جبکہ گرفتار ملزمان کے خلاف لڑائی جھگڑے اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔