کراچی کے علاقے ڈیفنس میں پولیس اہلکار سے بدتمیزی کرنے والے خاتون ایس ایس پی کے بیٹے خبیب کو ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ساؤتھ انویسٹی گیشن حکام کا کہنا ہے کہ پولیس نے خاتون افسر نسیم آرا پنہور کے بیٹے کو رات گئے ضمانت پر رہا کردیا ہے۔
ساؤتھ انویسٹی گیشن حکام کا کہنا ہے کہ وکلا ملزم خبیب کی ضمانت کے لیے تھانے آئے تھے، قانونی کارروائی کے بعد ملزم کو رہا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز سیون میں اسنیپ چیکنگ کے دوران خاتون پولیس افسر کے بیٹے نے اہلکار سے بدتمیزی کی تھی۔
یہ پڑھیں: کراچی : اہلکار سے بدتمیزی کرنے والا خاتون پولیس افسر کا بیٹا گرفتار
گاڑی روکنے پر خاتون پولیس افسر کا بیٹا آپے سے باہر ہوگیا اور سب انسپکٹر شاہزان شکیل کا گریبان پکڑ کر بدکلامی کی تھی۔
نوجوان نے گاڑی پر پولیس لائٹس (ہوٹر)اور پولیس نمبر پلیٹ لگا رکھی تھی، گاڑی میں دو پرائیویٹ گارڈ بھی موجود تھے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ کےحکم پر ایس ایس پی ساؤتھ نے لڑکے کوحراست میں لے کر گاڑی تحویل میں لی تھی۔


