کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں پولیس گردی کا ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں عزیز بھٹی تھانے کے اہلکار کی مفت بریانی نہ ملنے پر دکان دار سے بدتمیزی اور دھمکیوں کی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہلکار بریانی کی دکان پر موجود عملے کو ہراساں کر رہا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق اہلکار نے دھمکی دی کہ ‘مفت بریانی دو ورنہ دیگیں اٹھا کر تھانے لے جاؤں گا’۔
اس واقعے پر شہریوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے اور عوام نے پولیس حکام سے اختیارات کے ناجائز استعمال پر سخت نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے پر ایس ایس پی ایسٹ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے بدتمیزی میں ملوث دونوں پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا ہے۔ ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق اہلکاروں کے خلاف باقاعدہ انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے اور انکوائری افسر کی رپورٹ کی روشنی میں مزید سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ایس ایس پی ایسٹ نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ سندھ پولیس کے وقار اور ساکھ کو متاثر کرنے والے کسی بھی اہلکار سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
افضل خان اے آر وائی نیوز سے وابستہ کرائم رپورٹر ہیں


