پیر, مئی 18, 2026
اشتہار

کراچی: سپر ہائی وے پر چھالیہ اسمگلرز کی گاڑی کی ٹکر سے پولیس اہلکار شہید

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : سپر ہائی وے معمار موڑ پر چھالیہ کے اسمگلروں کی گاڑی کی ٹکر سے پولیس اہلکار شہید ہوگیا تاہم دو اسمگلرز کو گرفتار کرکے چھالیہ کی بھاری مقدار برآمد کرلی۔

تفصلات کے مطابق کراچی سائٹ سپر ہائی وے پر معمار موڑ کے قریب چھالیہ اسمگلروں نے اسنیپ چیکنگ کے دوران پولیس اہلکار پر گاڑی چڑھا دی، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار جامِ شہادت نوش کر گیا۔

پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دو اسمگلروں کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں چھالیہ برآمد کر لی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق سائٹ سپر ہائی وے پولیس معمار موڑ پر معمول کی اسنیپ چیکنگ میں مصروف تھی کہ ایک مشتبہ کار کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، کار سوار اسمگلروں نے رکنے کے بجائے گاڑی کی رفتار بڑھا دی اور سامنے موجود پولیس اہلکار کو زوردار ٹکر مار دی، جس سے وہ موقع پر ہی شہید ہو گیا۔

ملزمان نے جائے وقوعہ سے فرار ہونے کی کوشش میں سڑک پر موجود دیگر گاڑیوں اور راہگیروں کو بھی ٹکریں ماریں، جس سے شدید افراتفری پھیل گئی۔ تاہم، اسمگلروں کی گاڑی پولیس موبائل سے ٹکرانے کے بعد رک گئی، جس کے نتیجے میں پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے گاڑی میں سوار 2 چھالیہ اسمگلروں کو حراست میں لے لیا۔

گرفتار ملزمان کی گاڑی کی تلاشی لینے پر اس کے خفیہ خانوں سے بھاری مقدار میں چھالیہ برآمد ہوئی ہے۔

پولیس نے ملزمان کے خلاف قتل اور اسمگلنگ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ شہید اہلکار کی میت کو ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں