اسلام آباد : کراچی پورٹ ملکی تاریخ کی سب سے بڑی کنٹینر ہینڈلنگ بندرگاہ بن گئی ، مالی سال کے خاتمے سے قبل 26 لاکھ 51 ہزار سے زائد ٹی ای یوز ہینڈل کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی پورٹ ٹرسٹ نے ملکی تجارتی شعبے میں ایک نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے کنٹینر ہینڈلنگ کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔
جاری کردہ سرکاری اعداد و شمار کے تحت موجودہ مالی سال کے خاتمے سے قبل ہی کراچی پورٹ نے ریکارڈ 26 لاکھ 51 ہزار سے زائد ٹی ای یوز کنٹینرز ہینڈل کر لیے ہیں، جس کے بعد یہ ملکی تاریخ کی سب سے بڑی کنٹینر ہینڈلنگ بندرگاہ بن کر سامنے آئی ہے۔
وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار نے کراچی پورٹ کی اس تاریخی کامیابی پر پورٹ کی انتظامیہ اور ملازمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا یہ ریکارڈ کنٹینر ہینڈلنگ پاکستان کے بحری شعبے اور معاشی پالیسیوں پر بین الاقوامی اور مقامی کاروباری برادری کے بڑھتے ہوئے کڑے اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ شاندار اور تاریخی کامیابی کے پی ٹی (KPT) کے تمام افسران اور محنتی کارکنان کی دن رات کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے جنہوں نے پورٹ کی کارکردگی کو بین الاقوامی معیار کے مطابق چلایا۔
وفاقی وزیر نے پاکستان کی معاشی ترقی کے حوالے سے اپنے عزم کو دہراتے ہوئے واضع کیا کہ اس ریکارڈ ہینڈلنگ سے پاکستان کی بین الاقوامی شپنگ اور لاجسٹکس کی صلاحیت مزید مستحکم اور مضبوط ہو رہی ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ حکومتِ پاکستان کا مشن واضح ہے کہ کراچی اور ملکی بندرگاہوں کو جدید ترین بنا کر پاکستان کو علاقائی ٹرانس شپمنٹ حب بنایا جائے، اور اس مشن کو حاصل کرنے کے لیے کوششیں مسلسل جاری رہیں گی۔


