کراچی: لانڈھی لعل مزار کے قریب سے بوری میں ملنے والے 7 سالہ بچے کی لاش کا پوسٹ مارٹم کرلیا گیا ، جس میں جنسی زیادتی کے شواہد ملے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی لعل مزار کے قریب سے بوری میں ملنے والے 7 سالہ بچے سعد علی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی ہے۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ طارق نے بتایا بچے کے ساتھ جنسی زیادتی کے شواہد ملے ہیں اور بچے کی موت سر پر وزنی چیز لگنے سے ہوئی، جس سے شدید چوٹ آئی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ بچے کے مختلف اعضا کے سیمپل کیمیکل ایگزامینیشن کے لیے بھیجے گئے ہیں، جن کی رپورٹ آنے کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے۔
مزید پڑھیں : کراچی سے 6 روز قبل اغوا کیے گئے 7 سالہ بچے کی بوری بند لاش برآمد
یاد رہے کراچی کے علاقے لانڈھی میں کچرا کنڈی سے ایک بچے کی بوری بند لاش ملی تھی ، جسے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں بچے کی شناخت 7 سالہ سعد علی ولد سلمان علی کے نام سے ہوئی تھی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ بچے کی گمشدگی کا مقدمہ تھانہ لانڈھی میں درج تھا اور لواحقین جگہ جگہ بچے کو تلاش کررہے تھے تاہم بچے کو قتل کیا گیا ہے یا معاملہ کچھ اور ہے اس حوالے سے تمام پہلووں پر تحقیقات کررہے ہیں۔
ورثاء نے واقعے کو اغوا کے بعد قتل قرار دیتے ہوئے ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


