اسلام آباد (16 فروری 2026): پاکستان پیپلز پارٹی کو متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے ساتھ لڑائی میں کراچی کو ہونے والے نقصان کا احساس ہو گیا ہے۔
پی پی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پیپلز پارٹی متحدہ قومی موومنٹ کے ساتھ مفاہمت کے لیے تیار ہو گئی ہے، قیادت ایم کیو ایم کے ساتھ مفاہمت پر رضامند ہے، اور پارٹی رہنماؤں کو بیان بازی میں نرمی لانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے خلاف بیان بازی پر سیز فائر ہو گیا ہے، ایم کیو ایم کی خاموشی پر پیپلز پارٹی جواب نہیں دے گی، بتایا گیا ہے کہ پی پی کراچی کی ترقی کے لیے ایم کیو ایم سے تعلقات بہتر کرنا چاہتی ہے، کیوں کہ دونوں کی لڑائی سے کراچی کا نقصان ہو رہا ہے۔
جماعت اسلامی کی مزاحمت تمھیں گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرے گی، منعم ظفر
پی پی ذرائع نے بتایا کہ سانحہ گل پلازہ پر ایم کیو ایم کی بیان بازی سندھ حکومت پر اثر انداز ہوئی ہے، ذرائع نے دعویٰ کیا کہ حکومت مخالف میڈیا کمپین میں ایک سیاسی جماعت کا ہاتھ ہے، جو ایم کیو ایم کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کر رہی ہے، یہ سیاسی جماعت پس پردہ رہ کر ایم کیو ایم کو پی پی سے لڑوا رہی ہے۔
ذرائع نے کہا کہ ایم کیو ایم کو کسی اور کے ہاتھوں استعمال نہ ہونے کا پیغام بھجوایا گیا ہے، اور اُس سیاسی جماعت کو کھل کر سامنے آنے کا پیغام بھجوا دیا ہے، کیوں کہ پیپلز پارٹی دوستی اور دشمنی کھلے عام کرنا چاہتی ہے۔
جہانگیر خان اے آر وائی نیوز اسلام آباد کے نمائندے ہیں۔ وہ پارلیمانی امور، صحت، کشمیر، جی بی اور پیپلز پارٹی سے متعلق خبریں رپورٹ کرتے ہیں۔


