کراچی: میٹرک امتحانات میں نقل کیلئے طلبا اور والدین سے فی پرچہ 5 ہزار روپے لینے والے ٹیچر کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں میٹرک بورڈ امتحانات کے دوران ایک شرمناک اسکینڈل سامنے آیا ہے، جہاں امتحانی مرکز میں طلبہ اور والدین سے نقل کروانے کے عوض فی پرچہ 5 ہزار روپے بٹورنے کا انکشاف ہوا ہے۔
چیئرمین میٹرک بورڈ نے فوری طور پر متعلقہ اسکول کو بلیک لسٹ کر دیا ، محکمہ تعلیم بن قاسم ٹاؤن کے افسر محمد قاسم کی مدعیت میں متعلقہ تھانے میں بدعنوان استاد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق، "گریس اکیڈمی آف لرننگ سیکنڈری اسکول” (بن قاسم ٹاؤن) میں بطور سینٹر اسٹاف تعینات حنیف ملک نے اپنے عہدے کا ناجائز فائدہ اٹھایا۔
مدعی مقدمہ محمد قاسم نے موقف اختیار کیا ہے کہ سینٹر انچارج حنیف ملک نے امتحانات کے دوران نقل کی سہولت فراہم کرنے کے لیے بچوں اور ان کے والدین سے فی پرچہ 5 ہزار روپے کا مطالبہ کیا اور متعدد افراد سے رقم وصول بھی کی۔
ملزم نے اپنے فرائضِ منصبی کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے تعلیمی نظام کو داغدار کیا۔
میٹرک بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ اس طرح کی بدعنوانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد گریس اکیڈمی آف لرننگ سیکنڈری اسکول کو بلیک لسٹ کر دیا گیا ہے
حکام نے بتایا کہ ملزم حنیف ملک کے خلاف سخت قانونی اور محکمانہ کارروائی کی سفارش کی گئی ہے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کا تدارک ہو سکے۔
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی اور کرائم رپورٹر ہیں، وہ 14 سال سے زائد عرصے سے اپنے شعبے میں مصروف عمل ہیں اور انویسٹیگیٹو نیوز بریکنگ میں مہارت رکھتے ہیں، اور کراچی کے جرائم اور پولیس نظام سے متعلق گہری سمجھ بوجھ کے حامل ہیں۔


