کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز آندھی اور بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے کاٹھور، گڈاپ، سپر ہائی وے، نارتھ ناظم، ناظم آباد اور اطراف میں بارش ہوئی ہے ۔
صفورا گوٹھ، اسکیم 33 اور موسمیات کے اطراف کی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ صدر، اولڈ سٹی ایریا، لانڈھی، کورنگی اور قائد آباد میں بوندا باندی ہوئی ہے۔
یہ پڑھیں: کراچی میں بارش کے حوالے سے نئی پیشگوئی
واضح رہے کہ گزشتہ روز محکمہ موسمیات نے کراچی میں بارش کے حوالے سے پیشگوئی کی تھی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ کراچی میں ہونے والی بارش کی شدت کم رہے گی، شہر میں تیز بارش کا کوئی امکان نہیں، شمالی علاقوں میں بادل موجود ہیں لیکن بارش ہلکی نوعیت کی ہے۔
پیشگوئی میں مزید کہا گیا تھا کہ کراچی میں آئندہ بھی ہلکی بارش متوقع ہے، کل اور پرسوں تیز بارش کا کوئی اسپیل نہیں، موجودہ سسٹم کمزور اور مختصر ہے۔


