کراچی (16 جون 2026): بارشیں برسانے والا نیا سسٹم داخل ہونے سے ملک بھر میں شدید بارشوں سے متعلق این ڈی ایم اے نے ہنگامی الرٹ جاری کر دیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نینشل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے ہنگامی الرٹ جاری کیا ہے، جس کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں 16 تا 20 جون تک موسمی صورتحال خراب رہنے کا امکان۔
این ڈی ایم اے نے ممکنہ خطرات کے حوالے سے تمام اداروں کو پیشگی آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی اور شمالی علاقوں میں داخل ہوگا، جس کے نتیجے میں 16 سے 20 جون کے دوران شمالی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جب کہ بالائی علاقوں میں چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کے جاری الرٹ کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت صوبہ پنجاب میں راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال اور تلہ گنگ میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جب کہ منڈی بہاؤالدین، سرگودھا، گوجر خان، گجرات، جہلم اور سیالکوٹ میں بارش کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ گوجرانوالہ، حافظ آباد، فیصل آباد، خوشاب، جھنگ، ڈیرہ غازی خان، قصور، اوکاڑہ، ساہیوال، بہاولپور، رحیم یار خان میں بادل برسیں گے۔
گلگت بلتستان کے علاقوں اسکردو، دیا میر، استور، غزر، ہنزہ، گھانچے اور شگر میں بھی بارش کا امکان ہے جب کہ کشمیر کی نیلم ویلی، مظفر آباد، راولاکوٹ، باغ، کوٹلی، پونچھ، ہٹیاں، میرپور، بھمبر میں بارش کی توقع ہے۔
صوبہ خیبر پختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد سمیت ہری پور، صوابی، مردان، چارسدہ، پشاور اور کوہاٹ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ پاراچنار، کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
صوبہ بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، ژوب، شیرانی، زیارت اور قلعہ سیف اللہ میں بارش متوقع ہے۔ اس کے علاوہ قلعہ عبداللہ، کوہلو، ہرنائی، سبی، بارکھان اور خضدار میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
صوبہ سندھ کے اضلاع جیکب آباد، سکھر، لاڑکانہ، خیرپور اور دادو میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے جب کہ گھوٹکی، شکارپور، شہید بینظر آباد اور نواب شاہ میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کے جاری الرٹ کے مطابق خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارشوں اور شدید گرمی سے تیزی سے پگھلتے گلیشئرز اور برفانی جھیلیں ٹوٹنے سے ندی نالوں میں طغیانی اور سیلابی صورتحال کا خطرہ ہے۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ غزر، اسکردو اور شگر کےعلاقوں میں گلیشائی جھیلوں کے پھٹنے کے باعث مقامی ندی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی آ سکتی ہے جب کہ حسن آباد، شسپر، گلکن، گلمیت، پاسو اور نگر میں گلاف کا شدید خطرہ موجود ہے۔


