کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا، بارش کے باعث سردی میں اضافے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ سرجانی ٹاؤن میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ صدر، گارڈن، گل پلازہ اور ماڑی پور میں بھی بارش ہوئی۔
اسی طرح نیا ناظم آباد، احسن آباد، گڈانی اور حب چوکی کے علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔ گلشن معمار، ناگن چورنگی اور گلستانِ جوہر میں بھی بارش سے موسم میں خنکی بڑھ گئی۔
مزید علاقوں میں نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی، بنارس، سائٹ ایریا، میٹروویل اور بلدیہ ٹاؤن سمیت اطراف کے علاقوں میں بھی بارش کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
میئرکراچی مرتضیٰ وہاب نے اپنے بیان میں کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کا آغاز ہو چکا ہے، بلدیہ عظمیٰ کی تمام ٹیموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پانی کے بروقت اخراج کے لیے تمام پمپنگ اسٹیشنز کو فعال کر دیا گیا ، شہریوں کو ممکنہ پریشانی سے بچانے کے لیے فیلڈ میں موجود عملہ نگرانی کر رہا ہے، شکایت موصول ہونے پر فوری اور سخت کارروائی کی جائے گی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


