کراچی(16 جنوری 2026): شہر قائد کے علاقے جوگی موڑ ملیر سے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے جوگی موڑ ملیر سے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث 4 ملزمان غلام عباس عرف کالا، عرفان عرف ارشد عرف راجو، مہران اور علی رضا کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والے 3 عدد 30 بورپسٹل (بغیر لائسنس) بمعہ ایمونیشن، 49 عدد چھینے گئے موبائل فونز اور نقدی برآمد کر لی گئی۔
ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان ایک منظم گینگ کا حصہ ہیں، جو کراچی کے مختلف علاقوں ماڈل کالونی، سعود آباد، قائد آباد اور گلشن حدید میں اسلحے کے زور پر موبائل چھیننے کی متعدد وارداتوں کے علاوہ 70 سے 80 موٹر سائیکل چھیننے کی وارداتوں میں بھی ملوث ہیں۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے، ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ ملزمان نے انکشاف کیا کہ 13 جنوری 2026 کو نیشنل ہائی وے رویندہ روڈ پر بینک سے رقم نکالنے والے شہری سے اسلحہ کے زور پر تین لاکھ روپے چھینے اور مزاحمت پر شہری کی گاڑی پر فائرنگ بھی کی۔
ترجمان رینجرز کا مزید کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کو بمعہ اسلحہ و ایمونیشن اور مسروقہ سامان مزید قانونی کاروائی کے لئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی اور کرائم رپورٹر ہیں، وہ 14 سال سے زائد عرصے سے اپنے شعبے میں مصروف عمل ہیں اور انویسٹیگیٹو نیوز بریکنگ میں مہارت رکھتے ہیں، اور کراچی کے جرائم اور پولیس نظام سے متعلق گہری سمجھ بوجھ کے حامل ہیں۔


