کراچی(9 فروری 2026): شہر قائد کے علاقے پرانا گولیمار میں سندھ رینجرز اور ایس آئی یو پولیس نے ایک بڑی مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بھتہ خور مافیا کے 4 اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان رینجرز کے مطابق آپریشن کے دوران ملزمان نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر فائرنگ کی، تاہم جوابی فائرنگ کے نتیجے میں چاروں ملزمان کو دھر لیا گیا، گرفتار ملزمان میں راشد عرف چاچو، عبدالحق عرف ڈاکٹر، ولید عرف ڈاڈا اور معاذ عرف الرٹ بچہ شامل ہیں۔
ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم راشد اور عبدالحق کا تعلق جمیل چھانگا اور عبدالصمد کاٹھیاواڑی بھتہ خور گروپ سے ہے، جبکہ ولید عرف ڈاڈا لیاری کے منشیات فروش گروہ کا رکن ہے۔ چوتھا ملزم معاذ عرف الرٹ بچہ لیاری گینگ وار کے ارشد پپو گروپ سے وابستہ ہے۔
ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ یہ ملزمان بلڈرز اور دیگر کاروباری افراد کی معلومات بھتہ مافیا کے سرغنہ کو فراہم کرتے تھے اور بھتہ نہ دینے پر ہوائی فائرنگ کر کے علاقے میں خوف و ہراس پھیلاتے تھے۔
ملزم راشد اور عبدالحق عادی مجرم ہیں جو پہلے بھی کئی بار جیل جا چکے ہیں۔ ملزمان کو قبضے سے ملنے والے اسلحہ اور منشیات سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


