کراچی: مختلف علاقوں میں پولیس اور رینجرز نے چھاپہ مار کاروائیوں کے بعد ٹارگٹ کلر سمیت پچاس سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچ کالونی کے علاقے منظور کالونی میں رات گئے پولیس نے جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کی علاقے کے داخلی اور خارجی راستے بند کرکے گھر گھر تلاشی کے بعد پینتالیس مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔
گلشن اقبال تیرہ ڈی میں رینجرز نے چھاپہ مار کاروائی کے بعد انجم نامی شخص کو حراست میں لے لیا، ذرائع کے مطابق حراست میں لیا گیا ملزم چائنہ کٹنگ کے ماسٹر مائنڈ محمد احسن عرف چنوں ماموں کا قریبی ساتھی ہے۔
ملزم کی نشاندہی پر شہر کے مختلف علاقوں میں بھی چھاپے مارے گئے کورنگی انڈسٹریل ایریا کی گارمنٹس فیکٹری میں قانون نافذ کرنے والے ادارے نے چھاپہ مار کاروائی کے بعد سیاسی جماعت کے دو کارکنان نعیم سناٹا اور شاہد کو حراست میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق دونوں افراد ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے، جن سے تفتیش کی جارہی ہے۔