کراچی(2 فروری 2026): پاکستان رینجرز سندھ اور ایس آئی یو پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 3 بھتہ خور کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
پاکستان رینجرز سندھ اور ایس آئی یو پولیس کی جانب سے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کراچی کے علاقے کشتی مسجد گارڈن کے نزدیک بھتہ خوروں کے خلاف مشترکہ آپریشن کیا گیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق آپریشن کے دوران ملزمان کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر فائرنگ بھی کی گئی، جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 3 ملزمان سید باسط حسین عرف شاہ رخ، عبدالصمد اور محمد طحہٰ عرف مایا کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
ترجمان رینجرز کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان کا تعلق بھتہ مافیا سے منسلک وصی اللہ لاکھو، جمیل چھانگا اور عبدالصمد کاٹھیاواڑی گروپوں سے ہے، زخمی گرفتار ملزمان نجی بلڈرز، میڈیکل اسٹورز، ریسٹورینٹس، کاسمیٹکس شاپ اور دیگر کاروباری افراد کی معلومات بھتہ مافیا کے سرغنہ کو فراہم کرتے تھے۔
ترجمان کے مطابق جو بعدازاں دھمکیاں دے کر بھتہ وصول کرتے تھے، گرفتار ملزمان اور ان کے دیگر ساتھی نیو کراچی میں گتہ فیکٹری، کاسمیٹکس شاپ اور ناظم آباد کے ریسٹورنٹ سے بھتہ نہ ملنے کی صورت میں فائرنگ کرنے میں بھی ملوث ہیں۔
ترجمان رینجرز کا بتانا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ گر فتار ملزم سید باسط حسین عادی مجرم ہے اور اس سے پہلے بھی گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔ گرفتار ملزمان کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیئے پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


