بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی، لیاری گینگ کے انتہائی مطلوب ملزمان گرفتار

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: سندھ رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان، ڈکیتی اور دیگر جرائم میں ملوث لیاری گینگ کے انتہائی مطلوب ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق رینجرز اور پولیس نے لیاری میں مشترکہ کارروائی کے دوران انتہائی مطلوب 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان میں فرحان عرف انڈین، سلمان عرف ملا عرف یاسین، محمد حارث عرف کلی شامل ہیں۔

ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار کمانڈر ایاز زہری گروپ سے ہے، گرفتار ملزمان بھتہ وصولی اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث ہیں، ملزمان سے وارداتوں میں استعمال اسلحہ وایمونیشن بھی برآمد کر لیا گیا۔

ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ فرحان عرف انڈین 2011 میں لیاری گینگ وار وصلی اللہ لاکھو گروپ میں شامل ہوا، ملزم کا بھتہ وصولی، 30 سے زائد افراد کے قتل میں ملوث ہونے کا اعتراف کر چکا ہے۔

ترجمان رینجرز نے بتایا کہ فرحان عرف انڈین 2013 میں گرفتار ہو کر جیل گیا، ملزم کو اے ٹی سی سے 19 سال اور سیشن کورٹ سے 15 سال قید ہوئی تھی تاہم ہائیکورٹ نے سزا کو کالعدم قرار دے کر ملزم کو بری کر دیا تھا۔

ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم 2024 میں ایاز زہری اور ارسلان پٹنی گروپ میں شامل ہوا، ملزم بھتہ وصولی اور بلڈرز کی زیر تعمیر عمارتوں کی ریکی کر کے نمبر زگینگ وار کمانڈر کو دیتا رہا،  ملزم کا ساتھی معین عرف کٹا بھتہ وصولی میں اسلحہ وایمونیشن پہنچانے میں ملوث رہا ہے، ملزم 24 جون کو ساتھی کیساتھ زیر تعمیر عمارت پنجابی کلب کھارادر پر فائرنگ کرنے گیا اپنے ساتھی ریحان عرف آکاش کی گرفتاری کے بعد فرار ہوگیا تھا۔

ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ سلمان عرف ملا عرف یاسین 2014 میں مذہبی جماعت میں شامل ہوا، عبد الصمد عرف فرحان کیساتھ مل کر مختلف مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث رہا، سلمان عرف ملا عرف یاسین  نے کھارادر میں فائرنگ کیلئے اپنی موٹر سائیکل دی تھی، موٹر سائیکل ریحان عرف آکاش کی گرفتاری کے دوران پکڑی گئی تھی۔

ترجمان رینجرز کے مطابق حارث عرف کلی، عبدالصمد عرف فرحان کے فرنٹ مین یوسف عرف موٹا کے گروپ میں شامل ہوا، یوسف عرف موٹا، فرحان عرف جھاڑی اور حمزہ قریشی کیساتھ بھتہ وصولی میں ملوث رہا، 5 مختلف مقامات پر فائرنگ کرنے اور دیگر ساتھیوں کے ہمراہ ریکی، منصوبہ بندی میں ملوث رہا، گرفتار ملزمان کو بمعہ اسلحہ و ایمونیشن قانونی کارروائی کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں